↧
بلدیاتی اداروں کی کارکردگی اور گھوسٹ ملازمین
دنیا بھر کے ممالک میں شہروں میں واٹر سپلائی ، نکاسی اور صفائی ستھرائی سمیت تمام بنیادی سہولیات کی ذمے داری بلدیاتی اداروں کے ذمے ہوتی ہے ۔ چونکہ بلدیاتی اداروں کا نیٹ ورک انتہائی نچلی سطح تک پھیلا ہوتا ہے اور عوام کی آسان رسائی میں ہوتا ہے ، اس لیے یہ ادارے بہتر طور پر Deliver کرنے کی پوزیشن میں ہوتے ہیں ۔ پھر ان اداروں کو چلانے کے لیے منتخب افراد بھی مقامی سطح کے اور عوام کی دسترس میں ہونے کی وجہ سے وہ نہ صرف علاقے کے زمینی حقائق اور مسائل سے آگاہ ہوتے ہیں بلکہ اپنے علاقے کے لوگوں اور اُن کے رویوں اور ضروریات سے بھی بخوبی واقف ہوتے ہیں ۔ عوام اپنے کام اور مسائل آسانی سے اُن تک پہنچا سکتے ہیں اُن سے اپنے مسائل اور پریشانیوں کے مداوے کا مطالبہ بھی بلا توقف اور بلا جھجک کر سکتے ہیں ۔ اس لیے یہ نہایت مؤثر اور عوامی پلیٹ فارم تصور کیا جاتا ہے ۔ اسی لیے جمہوری نظام میں بلدیاتی اداروں کو بنیادی حیثیت حاصل ہے اور انھیں مرکزی اہمیت ہوتی ہے ۔ ان اداروں کے ذریعے ہی شہروں کی ترقی اور عوام کو سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس لیے بلدیاتی اداروں کو فعال و بااختیار اور سیاسی مفادات سے پاک حقیقی جمہوری قیادت میں ہونا چاہیے ۔
↧