Quantcast
Channel: All About Pakistan
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4341

بینک، اکاؤنٹ ہولڈرز کا ڈیٹا ٹیکس حکام کو دینے پر آمادہ ہو گئے

$
0
0

اکاؤنٹ ہولڈرز کا ڈیٹا ٹیکس حکام کو دینے پر بنک آمادہ ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے ایف بی آر اور بنکوں میں معاہدہ ہو گیا ہے۔ یہ معاہدہ چیئرمین ایف بی آر اور کمرشل بینکوں کے چیف ایگزیکٹیوز کے درمیان کراچی میں ہونے والے اجلاس میں ہوا۔ معاہدے کے تحت ان اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی جو یومیہ 50 ہزار یا ماہانہ 10 لاکھ روپے نکلواتے یا 1 کروڑ جمع کراتے یا ماہانہ ڈھائی لاکھ کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی یا 5 لاکھ روپے سے زائد سالانہ پر نفع حاصل کر رہے ہیں۔ بینکوں نے  ٹیکس حکام کے ساتھ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت ٹیکس حکام کو اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات دینے پر اتفاق کیا گیا ہے تاکہ مشتبہ غیر دستاویزی رقوم کو چیک کیا جا سکے۔

 ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) نے ہائی کورٹ سے اپنی پٹیشن واپس لینے اور اکاؤنٹس ہولڈرز کی تفصیلات فراہم کرنے پر اتفاق انکم ٹیکس آرڈیننس، 2001 کی دفعہ 165 اے کے تحت کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ بینکس اپنی پٹیشنز واپس لے لیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ دفعہ 165 اے میں 2014 ، 2018 اور حالیہ ضمنی فنانس ترمیمی ایکٹ، 2019 میں پی بی اے کی سفارش پر ترمیم کی گئی ہے۔ لہٰذا پی بی اے اور اس کے ارکان کو اس کے عمل درآمد پر کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔

قانون کے مطابق، بینک ان اکاؤنٹ ہولڈرز کی تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہیں جو یومیہ 50 ہزار روپے نقد نکالتے ہیں یا دس لاکھ روپے ماہانہ سے زیادہ نکلواتے ہیں یا ایک کروڑ روپے ماہانہ جمع کراتے ہیں یا ڈھائی لاکھ روپے ماہانہ کریڈٹ کارڈ ادائیگی کرتے ہیں۔ یا وہ افراد جو سالانہ پانچ لاکھ روپے سے زائد پر نفع حاصل کر رہے ہیں۔ یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ حکومت نے اہم قوانین میں بھی یہ انتظام کیا ہے کہ بینک ڈپوزٹس تک رسائی ہو تاکہ فنانشل ٹرانزیکشنز کی شناخت ہو سکے۔ وزیراعظم نے بھی گزشتہ ماہ اجلاس میں وزارت قانون و انصاف اور اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی تھی کہ وہ بینکنگ قوانین میں ضروری ترامیم کی تجویز دیں تاکہ فنانشل ٹرانزیکشنز کے اسی وقت کے اعداد وشمار کا اشتراک ایف بی آر سے ہو سکے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4341

Trending Articles