Quantcast
Channel: All About Pakistan
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4341

نیا پاکستان کیسے بنائیں ؟

$
0
0

نیا پاکستان وزیراعظم عمران خان کا خواب اور حکمران پارٹی کا منشور ہے جس کے خدوخال بڑی وضاحت کے ساتھ وہ مختلف مواقع اور فورموں پر قوم کے سامنے پیش کرتے رہے ہیں۔ لاہور میں کلین اینڈ گرین پاکستان انڈیکس پروگرام کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں بھی انہوں نے اس کا ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ نئے پاکستان کا تصور پہلے ذہنوں میں مرتسم ہو گا، پھر زمین پر نظر آئے گا۔ اس کے لئے پہلے ہمیں اپنا قبلہ درست کرنا ہے۔ پھر ہم مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ ہم پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے کہ ساری دنیا اس کی مثال دے گی۔ اس ضمن میں انہوں نے ماضی میں کی جانے والی غلطیوں سے بچنے، آئین و قانون کی پاسداری، جمہوریت کے فروغ، معیشت کی بحالی اور ماحولیاتی بہتری کے لئے حکومتی اقدامات کے حوالے دیئے اور کہا کہ پاکستان میں کسی چیز کی کمی نہیں، اس کی مٹی سونا اگلتی ہے، بارہ موسموں کا یہ ملک زرعی و معدنی وسائل سے مالا مال اور سیاحوں کے لئے نہایت پُرکشش ہے۔ 

ہم پاکستان کے لئے بہترین بلدیاتی نظام لا رہے ہیں۔ اس سے گائوں کی سطح پر لوگ اپنے فیصلے کرنے میں بااختیار ہوں گے۔ جمہوریت اور معیشت دونوں مستحکم ہو رہے ہیں۔ خوشی ہے کہ ہمارے لوگ آہستہ آہستہ ٹیکس دے رہے ہیں جیسے جیسے پیسہ آئے گا، ہم اسے لوگوں پر خرچ کریں گے۔ ٹیکس نیٹ میں اضافہ شروع ہو گیا ہے۔ سی پیک منصوبے سے نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی کو تقویت ملے گی بلکہ علاقائی خوشحالی بھی آئے گی۔ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کے ایک اجلاس کی بھی صدارت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپوزیشن پر سخت تنقید کی اور کہا کہ وہ عوام کی حمایت کھو چکی ہے۔ اے پی سی محض شرمندگی مٹانے کی کوشش ہے دو مخالف پارٹیاں پی ٹی آئی کی غیر ملکی فنڈنگ پر عوام کو گمراہ کر رہی ہیں جبکہ خود انہوں نے منی لانڈرنگ سے پیسہ بنایا۔ 

انہوں نے قوم سے کہا کہ ایسے کام کریں جن کے اثرات سیکڑوں، ہزاروں سال تک باقی رہیں۔ جو قوم آنے والی نسلوں کے لئے نہیں سوچتی وہ مٹ جاتی ہے۔ وزیراعظم کی باتوں سے فکر و عمل کے کئی گوشے سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے قوم کو درست مشورہ دیا کہ مل کر کام کرے۔ حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی۔ وزیراعظم کا نئے پاکستان کا تصور ریاستِ مدینہ کی طرز پر ایسی مملکت کی تشکیل ہے جہاں امیر و غریب سب کے ساتھ برابری کا سلوک ہو، سب کو یکساں اور تیز تر سماجی و معاشی انصاف ملے۔ معاشرہ نفرتوں اور تعصبات سے پاک ہو، جمہوری آزادیوں کا احترام کیا جائے۔ مکمل داخلی امن و استحکام ہو اور بیرونی دنیا سے برابری اور باہمی مفاد کی بنیاد پر بہترین تعلقات استوار ہوں۔ اس مقصد کے لئے خود حکومت کو بھی بعض ذمہ داریاں نبھانا پڑیں گی۔ 

ملک میں اس وقت مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اس کا سدباب کرنا ہو گا۔ بجلی و گیس کے نرخ اور ٹیکس بڑھائے جا رہے ہیں جبکہ ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ حکومت نئے ٹیکسوں کے نفاذ اور ٹیکسوں کی شرح بڑھائے بغیر بھی ٹیکس آمدنی 82 ارب ڈالر تک بڑھا سکتی ہے۔ ایسے میں غریب عوام پر مالی بوجھ بڑھانے کی بجائے ماہرین کے پیشہ ورانہ مشوروں سے فائدہ اٹھایا جائے ٹیکس چوری روکنے کے لئے قانونی کمزوریوں کو دور کیا جائے، ٹیکس نیٹ بڑھایا جائے اور وصولیوں کے لئے ہونے والے غیر ضروری اخراجات پر قابو پایا جائے، وزیراعظم جلد غصے میں آنے کا بھی ٹھنڈے دل سے جائزہ لیں انہوں نے مغلوب الغضب ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ بہتر ہو گا کہ وہ سیاسی حریفوں کے بارے میں اپنا لہجہ نرم کریں سخت باتیں کہنے اور مذاق اڑانے سے گریز کریں تاکہ سیاسی حالات پرسکون اور ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے فضا سازگار ہو سکے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4341

Trending Articles