ایک ویڈیو جس میں ایک پائلٹ پوچھ رہا ہے کہ کیا وہ جدہ ایئر پورٹ پر رہ جانےوالی بچے کو لینے کے لیے واپس جا سکتا ہے کو انٹرنیٹ پر بہت زیادہ شیئر کیا گیا ہے۔ یہ غیر معمولی درخواست اس پرواز کے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد اس وقت کی گئی جب ایک خاتون مسافر کو پتہ چلا کہ وہ سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز ایئر پورٹ پر اپنے بچے کو بورڈنگ ایریا میں ہی چھوڑ آئی ہیں۔ کچھ توقف کے بعد ایئر ٹریفک کنٹرولر نے جدہ سے ملائشیا جانے والی اس پرواز کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔ اخبار گلف نیوز کے مطابق یہ واقعہ ویک اینڈ پر اس وقت پیش آیا جب سعودی عرب کے ایک مسافر طیارے کو اڑان بھرنے کے بعد اس وقت واپس آنا پڑا جب ایک خاتون مسافر کو معلوم ہوا کہ وہ جدہ ایئر پورٹ کے بورڈنگ ایریا میں اپنے بچے کو چھوڑ آئی ہیں۔
مذکورہ سعودی خاتون نے جدہ سے کولالامپور جانے والی سعودی عرب ائیر لائنز کی پرواز ایس وی 832 کے کیبن کریو کو بتایا کہ وہ کنگ عبدلعزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے بورڈنگ ایریا میں اپنے بچے کو چھوڑ آئی ہیں جس کے بعد اس پرواز کو اڑان بھرنے کے بعد واپس جانا پڑا۔ مذکورہ پرواز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں پائلٹ متعلقہ حکام سے کنگ عبدل عزیز انٹرنیشنل ایئر پورٹ واپس جانے کی اجازت مانگتا ہے۔ اس ویڈیو میں پائلٹ کو ائیر ٹریفک کنٹرولر سے بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔ ’خدا ہمارے ساتھ ہو۔ کیا ہم واپس آ سکتے ہیں۔‘
جس کے بعد زمین پر آپریٹر پائلٹ سے پرواز کا نمبر لینے کے بعد اپنے دوسرے ساتھی سے پروٹوکول کے بارے میں پوچھتا ہے۔ ’پرواز واپس آنے کی درخواست کر رہی ہے کیونکہ ایک خاتون ویٹنگ ایریا میں اپنے بچے کو بھول آئی ہے۔ آپریٹر پائلٹ سے پرواز کو واپس لانے کی وجہ دوبارہ تصدیق کرنے کا پوچھتا ہے۔ جس کے بعد مذکورہ پرواز کا پائلٹ آپریٹر کو کہتا ہے ’ہم نے آپ کو بتایا ہے کہ ایک خاتون اپنا بچہ ایئر پورٹ کے بورڈنگ ایریا میں بھول آئی ہے اور وہ اپنی پرواز کو جاری نہیں رکھنا چاہتی۔‘ جس کے بعد آپریٹر پائلٹ سے کہتا ہے ’او کے واپس آ جاؤ۔ یہ ہمارے لیے مکمل طور پر ایک نئی چیز ہے۔‘