سدپارہ جھیل گلگت بلتستان میں واقع ایک قدرتی جھیل ہے۔ یہ سطح سمندر سے تقریباً ساڑھے آٹھ ہزار فٹ کی بلندی پر ہے۔ یہ شہر سکردو سے تھوڑی سی مسافت پر ہے اور شہر کو پانی کی فراہمی کا ایک ذریعہ بھی ہے۔ جھیل بہت خوبصورت ہے اور اس کا پانی میٹھا ہے۔ اس کے اطراف میں سنگلاخ چٹانیں ہیں۔ موسم سرما میں ان پہاڑوں پر برف پڑتی ہے۔ گرمیاں شروع ہونے پر یہ برف پگھلنا شروع ہوتی ہے تو اس کا پانی جھیل میں جمع ہونے لگتا ہے۔ دیوسائی نیشنل پارک سے نکلنے والے قدرتی ندی نالوں کا پانی بھی بہتا ہوا اس جھیل میں آتا ہے۔ سدپارہ بلتی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی ہیں سات دروازے۔ اس نام کی وجہ ایک دیومالائی کہانی بتلائی جاتی ہے۔