Quantcast
Channel: All About Pakistan
Viewing all articles
Browse latest Browse all 4341

ریکوڈک کا خاموش آتش فشاں پھٹنے کو ہے

$
0
0

یہ ان دنوں کی بات ہے جب روپیہ 16 آنے کا تھا لیکن میں گہرے اندوہ میں ہوں۔ میری ماں میری ریاست پر قریباً چھ ارب ڈالر کا جرمانہ عائد ہو چکا ہے۔ اِن دنوں، جب ہم ایک ایک ڈالر جوڑ رہے ہیں کہ دنیا کا قرضہ اتار سکیں، غلط اقدامات حکمران طبقے کے لیکن زرِ تلافی ایک ایک پاکستانی کو دینا پڑے گا۔ عجیب ہیں میرے وہ ہم وطن جو اس جرمانے پر بھی بغلیں بجا رہے ہیں حالانکہ 6 ارب ڈالر میں سے کچھ ان کو بھی دینا ہے۔ ریکوڈک جو سونے کی کان ہے، جس میں ہمارے تمام مصائب کا مداوا ہے۔ جہاں بین الاقوامی کمپنی نے پورے دس سال کی کھدائی اور عرق ریزی کے بعد یہ نوید دی کہ یہاں 5.9 ارب ٹن (کچ دھات) Ore موجود ہے۔ جس میں 41 فیصد تانبا ہے اور اس میں 41 ملین اونس سونے کے ذخائر بھی ہیں۔ جہاں بہت اعلیٰ قسم کا یورینیم بھی ہے۔

میں تو ریکوڈک کے بارے میں برسوں سے لکھ رہا ہوں۔ بلوچستان اس خطّے کا خوشحال مستقبل ہے۔ ہمیں یہاں رہنے والوں کو حقوق دینا چاہئیں، اُنہیں ایسی تعلیم اور تربیت دیں تاکہ وہ اپنے صدیوں سے انتظار کرتے پہاڑوں سے ہم کلام ہوں۔ ہتھیار لے کر پہاڑوں پر نہ چڑھیں بلکہ اوزار لے کر، معلومات لے کر اِن پہاڑوں کے سینے چیریں۔ ان میں اللہ تعالیٰ نے ہمارے لئے جو خزانے رکھے ہوئے ہیں انہیں نکالیں۔ ریکوڈک کی پہاڑیوں میں کسی زمانے میں یہاں لاوا پھوٹتا تھا اب یہ خاموش آتش فشاں اس ریاست کو سونا، تانبا اور بہت کچھ دے کر مالا مال کرنا چاہتا ہے۔ ٹی تھیان کمپنی نے 2001 سے 2010 کے طویل عرصے میں تلاش کے مراحل طے کیے تھے۔ وہ مطلوبہ دھاتیں نکالنے کا کام شروع کرنا چاہتی تھی۔ فروری 2011 میں اس نے ریکوڈک کی لیز کے لئے درخواست دی۔ نومبر 2011 میں بلوچستان حکومت نے اجازت دینے سے انکار کر دیا۔ ٹی تھیان نے عالمی ادارے میں پاکستان کے خلاف درخواست دائر کر دی۔

ہماری عدالت عظمیٰ نے 7 جنوری 2013 کو کمپنی ٹی تھیان کے ساتھ معاہدے کو کالعدم قرار دے دیا۔ کسی نے نہ سوچا کہ اس کے کتنے بھیانک نتائج نکل سکتے ہیں۔ ٹی تھیان کوئی غریب مظلوم پاکستانی نہیں ہے جس کی داد فریاد کہیں نہیں سنی جاتی۔ عالمی بینک کے ٹریبونل نے پاکستان کے خلاف فیصلہ دیا۔ ریاست پاکستان کو قصور وار قرار دیا۔ یہ بات ہے 21 مارچ 2017 کی۔ لیکن 18 جولائی 2017 کو بلوچستان کی عظیم حکومت نے 11.5 ارب ڈالر کے جرمانے کو مسترد کر دیا۔ پاکستان نے ملکی غیر ملکی وکیلوں پر اربوں روپے خرچ کیے لیکن کسی فورم پر وہ متعلقہ اتھارٹی کو مطمئن نہیں کر سکے۔ وقت گزرتا رہا، قوم نے ریکوڈک کو اپنا مسئلہ نہیں سمجھا، یہاں سے خوشیاں مل سکتی تھیں۔ ہمارے مسئلے حل ہو سکتے تھے۔ ہمارے سر پر جرمانے کی تلوار لٹک رہی تھی لیکن کسی اخبار نے خاص اشاعت پیش کی نہ کسی چینل نے کوئی ٹاک شو کیا۔ 

بلوچستان میں پی پی پی کی حکومت تھی جب ٹی تھیان سے تنازع شروع کیا گیا۔ ان سے پہلے وزیراعلیٰ بلوچستان جام یوسف کو تو ٹی تھیان والے چلی بھی لے گئے تھے اور تانبے سونے کی کان کنی کے عملی مظاہر بھی دکھائے تھے۔ جناب اسلم رئیسانی نے ٹی تھیان کی درخواست کیوں مسترد کی۔ کیا اس میں انہوں نے صدر آصف زرداری، وزیر اعظم گیلانی سے مشورہ کیا تھا۔ اس میں ٹیکنیکل اسباب تھے یا مالی معاملات ؟ کسی نے جائزہ نہیں لیا۔ اس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آگئی۔ انہوں نے بھی اس مسئلے کی سنگینی کا احساس نہیں کیا اور نہ یہ اہمیت دی کہ ٹی تھیان کمپنی سے ماورائے عدالت کچھ طے کر کے اس سونے کی کان سے سونا نکالنا شروع کیا جائے۔

سونے تانبے کے ذخائر اسی طرح انسانی ہاتھوں کے لمس کو ترس رہے ہیں۔ میری اور آپ کی ریاست پر ہزاروں ارب روپے کے قرضے چڑھے ہوئے ہیں۔ ایک کان جہاں سے کچھ بہت مدد مل سکتی تھی۔ اس کا منہ بند کر دیا گیا اور بین الاقوامی قوانین اور اداروں کو بھی اپنے تابع خیال کیا گیا۔ عالمی بینک کے ادارے (ICSID) سرمایہ کاری کے تنازعات کا تصفیہ کرنے والے بین الاقوامی مرکز نے بالآخر ٹی تھیان کے حق میں فیصلہ دے دیا۔ اس میں 4.08 ارب ڈالر جرمانہ ہے اور 1.87 ارب ڈالر سود ہے۔ اس کے خلاف اپیل کی کوئی گنجائش ہے یا نہیں اس بارے میں زیادہ تر نفی میں امکانات ہیں۔ اب ریاست پاکستان یہ جرمانہ کیسے ادا کرے گی؟۔

ہماری پارلیمنٹ کو جائزہ لینا چاہئے کہ ٹی تھیان کمپنی نے جو معاہدہ کیا تھا۔ جس میں 100 میں سے 48 ٹی تھیان کے اور 52 حصّے پاکستان کے تھے۔ بلوچستان کے لئے الگ سے فیصد 25 تھا۔ ٹی تھیان نے چاغی ایئرپورٹ بھی تعمیر کیا۔ کارکنوں کے لئے رہائشی سہولت اور انہوں نے ریکوڈک 2 کی نشاندہی بھی کر دی تھی۔ اس کام کے لئے بینکوں کے کنسورشیم سے 6 بلین ڈالر کا اہتمام بھی کر لیا تھا۔ پروگرام یہ تھا کہ روزانہ 110000 ٹن کچ دھات نکلتی۔ جسے 680 کلومیٹر پائپ لائن کے ذریعے گوادر بندرگاہ پر منتظر بحری جہاز میں لادا جاتا اور پھر کسی ریفائنری میں چھان کر سونا اور تانبا الگ کیا جاتا۔ پائپ لائن کی تعمیر سے یہ سارا علاقہ بھی آباد ہو جاتا۔ اندازہ یہ تھا کہ ہر سال دو لاکھ ٹن تانبا اور اڑھائی لاکھ اونس سونا برآمد ہوتا۔ یہ سلسلہ سالہا سال تک جاری رہتا۔

کتنے دُکھ کی بات ہے کہ قدرت نے ہمیں وسائل بخشے ہوئے ہیں لیکن ہم کفران نعمت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ ہر کوئی عقل کُل بنا ہوا ہے۔ ریاست کے مفادات کو تباہ و برباد کر رہا ہے۔ روزانہ بے مقصد بحثیں ہوتی ہیں۔ یہ جذبہ پیدا کرنے کی تحریک کوئی نہیں دیتا کہ ہم اپنے زرعی شعبے کو طاقتور بنائیں، اپنی معدنیات کو دریافت کریں، ریگ زار گیس، تیل لئے ہمارا انتظار کر رہے ہیں۔ پہاڑوں میں قیمتی دھاتیں بھی ہیں، گرانقدر پتھر بھی۔ کتنے ہی ریکوڈک ہمارا مستقبل مستحکم کرنے کے لئے بے تاب ہیں ان کا راستہ روکنے والوں کو عبرت ناک مثال بنانا ضروری ہے۔

محمود شام

بشکریہ روزنامہ جنگ


Viewing all articles
Browse latest Browse all 4341

Trending Articles