پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے ایک درخواست کے جواب میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ’’آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔ ہم پاکستان کو انکار نہیں کر سکتے، جو کچھ ہماری بساط میں ہوا، ہم کریں گے۔‘‘ وزیر اعظم عمران خان نے ولی عہد سے درخواست کی تھی کہ اس سال حج کے لئے جانے والوں کی سہولت کی خاطر امیگریشن کی سہولت ملک کے تین اور بڑے شہروں کے ہوائی اڈوں پر فراہم کر دی جائے۔
انھوں نے شہزادہ محمد سے مزید درخواست کی کہ وہ سعودی مملکت میں کام کرنے والے 2.5 ملین پاکستانی تارکین وطن کو اپنا جانیں۔ دونوں رہنماوں نے ان خیالات کا اظہار مہمانوں کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عشائیہ کا اہتمام پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بیس ارب ڈالر مالیت کے سات مختلف معاہدوں پر دستخط کی تقریب کے بعد کیا گیا تھا۔ یہ معاہدے تیل، کان کنی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کے لئے طے کئے گئے تھے۔