امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں کیمیائی حملوں کے بعد روس کو براہِ راست دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’روس تیار ہو جاؤ، امریکی میزائل آرہے ہیں‘۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو خبردار کیا ہے کہ شام میں کیمیائی حملے کے بعد روس بھی امریکا کے ردِ عمل کے لیے تیار رہے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ روس نے شام کی جانب داغے گئے میزائلوں کو گرانے کا عزم کیا ہوا ہے، تو وہ تیار ہوجائے کیونکہ امریکا کے میزائل آرہے ہیں، جو نئے اور مزید بہتر اور چالاک ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ روس کو ایسے لوگوں کا ساتھ نہیں دینا چاہیے تھا جو جانوروں کی طرح اپنے ہی لوگوں کو قتل کرتے ہیں اور اس سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ اپنے ایک اور پیغام میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کبھی نہ ختم ہونے والی روسی تحقیقات کے باوجود وہ ایسی چیزیں کر رہے ہیں جو لوگوں کے نزدیک ممکن ہی نہیں ہیں۔